اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر انٹلی جنس حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمود علوی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم میں شام غریباں کے عزاداروں کے اجتماع میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودہ حکومت نے ایرانی قوم کے حق کو مغربی طاقتوں سے واپس لینے کے لئے ایک ایک کرکے گرہیں سلجھائیں یہاں تک کہ کامیابی سے ہمکنار ہوئی-
سید محمود علوی نے کہا کہ ایران کے ایٹمی مذاکرات کاروں نے دنیا والوں پر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ ایرانی قوم جنگ پسند نہیں ہے بلکہ وہ امن چاہتی ہے اور یہی امر اس بات کا باعث بنا کہ کہ دشمن، جنگ پسندی کے الزام کے خوف سے جامع مشترکہ ایکشن پلان قبول کرنے پر مجبور ہوگیا اور ملت ایران کے غصب شدہ حق کو اسے واپس کردیا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹلی جنس نے کہا کہ اگر چہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں تاہم دشمنوں کی خیانت اور ان کی وعدہ شکنی کا خوف ہمیشہ لاحق رہے گا اس لئے ہمیں ہمیشہ ہوشیار رہنے اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کی روشنی میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲